پی ایس پی دفتر پر حملے کا مقدمہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف درج


کراچی میں پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے دفتر پر حملےکا مقدمہ بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سمیت دیگر افراد کےخلاف درج کرلیا گیا جس میں قتل اور دہشتگردی کی دفعات درج کی گئی ہیں۔

پی ایس پی کے دفتر پر اتوار کی رات فائرنگ سے دو کارکن جان بحق اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق رضویہ تھانے میں درج ہونے والے مقدمے میں بانی ایم کیوایم سمیت لندن کے رہنماؤں ندیم احسان، سفیان یوسف اور قاسم علی رضا کو نامزد کیا گیاہے۔

قتل اور دہشتگردی کی دفعات کےمقدمہ میں چھ نامعلوم حملہ آوروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ادھر پیپلز پارٹی کے وفد نے ناصرحسین شاہ کی قیادت میں پاکستان ہاؤس پہنچ کر پارٹی صدر انیس قائم خانی سے کارکنان کےقتل پر افسوس کا اظہار کیا۔

ناصرحسین شاہ کاکہنا تھا کہ پی ایس پی کے ٹاؤن آفس حملے میں وہی لوگ ملوث ہیں جو کراچی اور پاکستان کے امن کے خلاف ہیں۔

پی ایس پی کراچی ڈویژن کے صدر آصف حسنین کا کہنا تھا کہ پی ایس پی کے شہداء پوری پاکستانی قوم کے شہید ہیں یہ پاکستان کی جنگ لڑ رہے تھے۔

دوسری جانب نیو کراچی پولیس نے کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے۔

ملزمان پر 13 افراد کے قتل، جلاؤ گھیراؤ اور چائنا کٹنگ کا الزام تھا۔


متعلقہ خبریں