آصف زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کر رہے ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری امریکہ میں اپارٹمنٹ کے مالک ہیں اورانہوں نے اپارٹمنٹ اثاثوں میں ڈکلیئر نہیں کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 اور63 کےتحت اثاثے ظاہر کرنا لازم ہیں، الیکشن کمیشن میں آصف زرداری کےخلاف ریفرنس دائر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خرم شیرزمان کوریفرنس دائرکرنےکا کہا ہے، آصف زرداری رکن اسمبلی رہنےکے اہل نہیں ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور نوازشریف آخری الیکشن لڑچکے ہیں اور حکومت کو کوئی بھی سیاسی چیلنج درپیش نہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ادارو ں کو خود مختار بنایا ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کےلیے ماحول تبدیل ہورہا ہے۔

آصف زرداری نے تمام اثاثے ڈیکلیئر کیے ہیں، قمر زمان کائرہ

فواد چوہدری کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے تمام اثاثے ڈکلیئر کیے ہیں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وزرا غیر سنجیدہ باتیں کرتے رہتے ہیں، حکومت عوام سے کیے ہوئے وعدے پورے نہیں کر سکی۔


متعلقہ خبریں