کراچی : پاکستان رینجرز سندھ نے شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا جن میں لیاری گینگ وار، اغواء برائے تاوان و بھتہ خور، ڈکیت اور اندرون سندھ میں پانی چوری کرنے والے ملزمان شامل ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ماڑی پورکے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کر تے ہوئے ملزم عامر خان کو گرفتار کیا جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے،ملزم علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبارمیں ملوث ہے۔
دوسری جانب پاپوش نگر کے علاقے میں رینجرزنے کارروائی کرتے ہوئے ملزم علیم الدین کو گرفتار کیا جواغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
سندھ رینجرز نے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے کورنگی سے ملزم علی قاسم کو گرفتار کیا جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ ماڑی پور کے علاقے میں رینجرزنے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شہباز لیاقت عرف لاہوری کو گرفتار کیا جو ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کر لی گئی ہے اورتمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
سندھ رینجرز نے ایک اور اندرون سندھ ڈسٹرکٹ عمر کوٹ کے علاقے صوفی فقیر،ِ دھارو نارو، کھپرو کے علاقے سنجھورو اور تھل میں کی، رینجرز نے مذکورہ علاقوں میں پانی چوری کے لیے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز، موگھے اور نکوں کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن، موگھے اور نکوں کو ہٹایا گیا جبکہ تھانہ صوفی فقیر اور تھانہ دھارو نارو میں پانی چوری کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئیں۔