اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے لیکن ابھی کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے، انہوں نے گیارہ سال جیل کاٹی لیکن تب بھی ان پر کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔
ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ احتساب سے نہ کبھی ڈرے ہیں نہ ڈریں گے، انہیں جب بلایا جاتا ہے وہ عدالت اور نیب میں پیش ہوئے ہیں۔
تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی سب نے دیکھ لی ہے، انہوں نے جو دعوے کیے وہ پورے نہیں کر پا رہے، یہ انتقام کی سیاست کرنے میں مصروف ہیں جبکہ اب انہیں ملک کے لیے کام کرنے کی سخت ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کہ وقت اور ضرورت کے ساتھ سیاسی جماعتیں آپس میں معاہدے کرتے ہیں، سیاست میں دروازے کبھی بند نہیں ہونے چاہیئے بلکہ ہمیشہ کھلے رکھنے چاہیئے، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پہلے دن اسمبلی میں تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کی بات کی تھی۔
کچھ بڑے معاملات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ساتھ نہیں دیا تھا، خرم دستگیر
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا کہ سابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف 75 دنوں سے حراست میں ہیں جبکہ ابھی تک ان کے خلاف ایک بھی ثبوت ہیش نہیں کیا گیا، یہ کیسا انصاف ہے؟
ان کا کہنا تھا کچھ بڑے معاملات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ان کا ساتھ نہیں دیا تھا لیکن کل آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے اسمبلی میں خوشی سے آپس میں ہاتھ ملائے۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے مقدمات کو قانونی طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں اس لیے ابھی وہ چپ ہیں۔
احتساب اور جمہوریت میں فرق ہے، ندیم افضل چن
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا، اب ان کو چاہیئے کہ ٹھیک راستے پر آجائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا ملک کے معاملات میں بہت بڑا حصہ ہوتا ہے، ان کو چاہیئے کہ مسائل پیدا کرنے کے بجائے ملک کے مفادات کے لیے کام کریں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ احتساب اور جمہوریت میں فرق ہے، ان دونوں چیزوں کو آپس میں نہ ملایا جائے۔