وزيراعظم کی ياسر شاہ سے ملاقات، تیز ترین 200 وکٹیں لینے پر مبارک باد


اسلام آباد : وزيراعظم عمران خان نے آج کابینہ اجلاس سے قبل پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اسپنر ياسر شاہ سے اپنی رہائش گاہ بن گالہ میں ملاقات کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کی بولنگ کی تعریف کی اور انہیں تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹيں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنانے پر مبارک باد دی۔

وزیراعظم نے یاسر شاہ سے گفتگو کے دوران کہا کہ خوشی ہے کہ آپ نے ملک کا نام روشن کیا، کرکٹ دیکھنے کے لئے کم وقت ملتا ہے، مگر خبریں سنتا رہتا ہوں۔

یاسر شاہ نے حوصلہ افزائی کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے  یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کر کے آسٹریلیا کے بالر کلیری گریمٹ کا ریکارڈ توڑا تھا۔

کلیری گریمٹ نے 1936 میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، اس کے بعد کوئی بھی بالر یہ اعزاز اپنے نام نہیں کر سکا تھا۔

اسپین کے سلطان نے ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میچ یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔  کیوی بلے باز ٹام لیتھم یاسر شاہ کا 199واں اور ولیم سومرولے 200واں شکار بنے۔

کلیری گریمٹ نے 36 میچوں میں تیز ترین 200 وکٹیں اپنے نام کی تھیں جب کہ یاسر شاہ نے 33 میچوں میں تاریخی اعزاز اپنے نام کیا۔

بھارت کے روی چندرن ایشون نے 37 جبکہ وقار یونس اور ڈینس للی نے 38 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

اس سے قبل یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14 وکٹیں حاصل کر کے ناصرف ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا بلکہ سابق کرکٹر اور وزیراعظم عمران خان کا  ٹیسٹ میں 14 وکٹوں کا 36 سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں