دہشت گردی پاکستان کی بدترین دشمن ہے،بلاول بھٹو

سانحہ آرمی پبلک اسکول ہمیشہ عوام کے لیے باعث صدمہ رہے گا،چئیرمین پیپلز پارٹی

اب عوام کو مایوس نہیں کریں گے، بلاول بھٹو زرداری|humnews.pk

اسلام آباد / کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم طلبہ کا خون ناحق اس وقت تک قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑتا رہے گا جب تک دہشت گردوں کا اس ملک سے مکمل صفایا نہیں ہوجاتا۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورکی چوتھی برسی پر جاری اپنے پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چار سال قبل آج کے دن دہشت گردوں نے معصوم بچوں پر حملہ کرکے پوری دنیا کو اشکبار کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ  پاکستان اور اس کی عوام کے لیے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی اس سانحہ کے متاثر والدین اور خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی و دہشت گردی اس ریاست اور پاکستانی عوام کی بدترین دشمن ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی پارٹی دہشت گردوں کا بدترین نشانہ بننے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف مزاحمت کی قیادت کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ خون کے پیاسے درندوں کے خلاف ان کے موقف سے آج ملک میں سب متفق ہیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا۔


متعلقہ خبریں