دو وفاقی وزرا کو مزید ذمہ داریاں سونپ دی گئیں


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے خسرو بختیار اور میاں محمد سومرو کو اضافی ذمہ داریاں بھی سونپ دی ہیں۔

وزیر اعظم نے دو وفاقی وزرا خسرو بختیار کو وزارت شماریات اور میاں محمد سومرو کو ایون ایشن ڈویژن کا اضافی چارج دے دیا ہے۔

وفاقی وزیر خسرو بختیار کے پاس منصوبہ بندی کے وزارت پہلے سے موجود ہے جب کہ محمد میاں سومرو کے پاس نجکاری کا قلمدان ہے۔

کابینہ ڈویژن نے دونوں وزرا کو اضافی چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

میاں محمد سومرو کو ستمبر میں کابینہ کی حلف برداری کے موقع پر وزیر مملکت کا عہدہ دینے کا فیصلہ ہوا تو وہ حلف اٹھائے بغیر کراچی روانہ ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے 100 روزہ کارکردگی اجلاس میں خراب کارکردگی دکھانے والے وزرا کو مارچ 2019 تک اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی وارننگ دی تھی اور اگر تین ماہ بعد بھی جن وزرا کی کارکردگی اچھی نہ ہوئی انہیں فارغ کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہر تین ماہ کے بعد کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا اور وزیراعظم نے وزارتوں اور ڈویژنوں سے پانچ سالہ منصوبہ بھی طلب کیا تھا۔


متعلقہ خبریں