لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پہلے سائیکلیں چلایا کرتے تھے اور اب اربوں روپے کے مالک بن گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوٹ مار کا نام لیا جائے تو یہ اپنا نام جمہوریت رکھ لیں گے، اب وہ وقت نہیں رہا، کوئی پتلی گلی سے فرار نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی اور انہوں نے ایک روز پہلے ہی کہا تھا کہ وہ بھاگنے والوں میں سے نہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خواجہ برادران کی پہلے کیا حالت تھی، لاہور میں ہر ایک کو ان کی حالت معلوم تھی اور اب وہ ارب پتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون بنانا آسان اور عملدرآمد کرانا مشکل ہے اور تحریک انصاف قانون پر عملدرآمد کرانے آئی ہے۔ خواجہ برادران کی ہاؤسنگ سوسائٹی سے مکمل آگاہ ہیں، انہوں نے لوگوں سے زبردستی زمین خریدی۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان کا خواجہ برادران سے کوئی کاروباری تعلق نہیں۔