دبئی: کرکٹ کے بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے، نئی رینکنگ میں پاکستان ٹیم ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے۔
نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی 10 بہترین بیٹسمینوں کی فہرست دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے، نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن دوسرے اورآسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بہترین باؤلرز کی فہرست میں محمد عباس 821 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور یاسر شاہ 757 پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
فہرست میں جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا پہلے، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن 874 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقا کے ورنن فلنڈر 826 پوائنٹس لے کر تیسری پوزیشن کے حقدار قرار پائے ہیں۔
نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بہترین آل راؤنڈر کی فہرست میں بنگلادیش کے شکیب الحسن سرفہرست ہیں، بھارت کے روندرا جڈیجا دوسرے اور جنوبی افریقا کے ورنن فلنڈر تیسرے نمبر پر ہیں۔