لوکل گورنمنٹ کو ترقیاتی فنڈز فراہم کریں گے، اقبال چیمہ

اگر ترقیاتی فنڈز نہ ملے تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، میئر لاہور


اسلام آباد: ڈاکٹر ماریہ ذولفقار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس بات سے ڈر رہی ہے کہ لوکل گورنمنٹ نظام پاکستان مسلم لیگ نواز کے پاس رہا تو شاید بلدیاتی انتخابات یا آئندہ عام انتخابات میں ان کو سبکی کا سامنا ہو۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوز لائن” میں لاہور سے خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کے لوگوں کی رائے سے ن لیگ کا پی ٹی آئی پر لگایا گیا الزام سچ ثابت ہورہا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے غیرمنتخب لیڈران اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کرنے کا وعدہ پورا کرتی نظر نہیں آرہی کیونکہ وہ بھی سیاسی حربے اختیار کیے ہوئے ہے۔

پروگرام میں موجود میئر لاہور کرنل(ر) مبشر نے کہا کہ واسا یا دکانداروں سے ملنے والے ٹیکس کے ذریعے ہم علاقے کے کام کرا رہے ہیں مگر یہ رقم ناکافی ہے۔ اگر ہمیں ترقیاتی فنڈز نہ ملے تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

حکومتی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈران نے نچلی سطح سے ہمارے اختیارات چھینے کی کوشش کی مگر ہم صرف قانون کے تحت ہی کام کریں گے اور اگر اس میں مداخلت کی گئی تو انصاف کی خاطر قانونی جنگ لڑیں گے۔

میئر لاہور نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کے غیرمنتخب لیڈران اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے منتخب بلدیاتی عہدیداروں کے کام میں مداخلت کر رہے ہیں اور ان پر بے جا دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

دوسری جانب پروگرام میں شریک مہمان اورصحافی سلمان عابد نے کہا کہ اگر لوکل الیکشنز تک پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو کچھ دیا اور عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں کامیاب رہے تو شاید پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہو جائے ورنہ مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کے غیرمنتخب لیڈران کا ترقیاتی فنڈز کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنا یہاں کے عوام کو نالاں کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی نیت پر شک نہیں کر سکتے مگر سیاسی جماعتوں کا تنظیمی نظام  ٹھیک نہیں ہے۔

پروگرام میں شریک مہمان اور رہنما پی ٹی آئی جمشید اقبال چیمہ کا میزبان کے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ پرانے سسٹم کو ختم کرکے ہم نئی پالیسی کے تحت لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کو باقاعدہ ترقیاتی فنڈز فراہم کریں گے۔

مسلم لیگ نواز نے سسٹم ہی خراب کر دیا تھا۔ فنڈز کی کمی کے باعث ہم اس علاقے کی بحالی کے لیے ابھی ہم کوئی اقدامات نہیں کر پا رہے نہ ہی بلدیاتی عہدیداروں کو فنڈز کی باقاعدہ فراہمی ہو رہی ہے۔

غیرمنتخب لیڈران کے اختیارات کے ناجائز استعمال پربات کرتے ہوئے ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کے شالیمار ہوٹل کے معاملے پر بھی اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ آفس کے نظم وضبط کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ لاہور چیلنجز سے بھرپور شہر ہے اور ہماری کوشش ہے کہ عوامی مفاد کی خاطر اپنی واضح سمت کی پیروی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔


متعلقہ خبریں