کرکٹ کے کسی بھی میچ کا آغاز عام طور پر سکے کے ذریعے کیے گئے ٹاس سے ہوتا ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے اس روایت کو تبدیل کرتے ہوئے نیا طریقہ متعارف کرادیا ہے۔
بگ بیش لیگ میں اب ٹیموں کے کپتان ٹاس کے لیے رائج روایتی طریقہ کار کے برعکس سکے کی جگہ بلا اچھالیں گے اور ’ہیڈ‘ اور ’ٹیل‘ کی جگہ ’ہلز‘ یعنی بلے کے ابھار والی جگہ یا ’فلیٹ‘ یعنی بلے کی سیدھی سطح پکاریں گے۔ جس کے بعد کپتان بیٹنگ یا باولنگ کافیصلہ کریں گے۔
آسٹریلوی کرکٹ بگ بیش لیگ کے سربراہ کم مک کونی نے ٹاس کے لیے نئے طریقہ کار کو زبردست لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی بی بی ایل ہے۔ ٹاس کا یہ طریقہ کار گلی محلے اور ساحل سمندر پر کھیلے جانے والی کرکٹ میں رائج ہے۔
کم مک کونی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو یہ طریقہ کار پسند نہیں آیا لیکن ایسے افراد کو میں چیلنج کرتا ہوں کہ بتائیں انہوں نے آخری بار کب ٹاس کے لیے سکہ اچھالنے کو غور سے دیکھا تھا۔انہوں نے کہاکہ ہم کرکٹ کوفیملیز کے قریب لارہے ہیں اور بچوں کے لیے بہترین لمحات لے کر آ رہے ہیں۔
کم مک کونی نے مزید بتایاکہ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی طور پر تیار کیا گیا بلا استعمال میں لایا جائے گا اور آپ اس بیٹ کی سائنس دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔ میں اپنے بلاساز کی طرف سے وثوق سے کہ سکتا ہوں کہ یہ بیٹ ٹیسٹ کرلیا گیا ہے اور معیار پر پورا اترے گا۔
بگ بیش لیگ 19 دسمبر سے آسٹریلیا کے شہر گابا میں کھیلی جائے گی جس میں دفاعی چیمپیئنز ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز برسبینی ہیٹ کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔
جوئے ڈینلی اور ٹام کرن سڈنی سکسرز کی طرف سے کھیلیں گے جبکہ جوفراآرچر اور تامل ملز ہوبارٹ ہری کینز کی نمائندگی کریں گے۔
ڈیوڈویلی، لیام پلاکنیٹ اور ہیری گرنئی بالترتیب پیرت سکچرچیز، میلبورن اسٹارز اور میلبورن رینجڈز کی نمائندگی کررہے ہیں.