اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس نو گھنٹے کی طویل نشست کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارتیں گزشتہ سو دنوں میں طے کیے جانے والے اہداف کے حصول کے لیے لائحہ عمل مرتب کرکے ان اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔
اجلاس میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
اجلاس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی اور اجلاس میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ باقی وزارتوں کا جائزہ لینے کے لیے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا جبکہ جس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
ہر تین ماہ بعد وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے کا فیصلہ
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر تین ماہ بعد وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ تمام وزارتوں سے آئندہ پانچ سال کے لیے منصوبہ جات کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہر وزارت سے کیے گئے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان پر بات کی گئی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلا س میں وفاقی وزرا سے آئندہ کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات سے متعلق بھی پوچھا گیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تمام وزاتوں کو مذید ٹاسک بھی سونپے گئے۔
واضح رہے کہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کی کارکردگی رپورٹس 27 نومبر کو جمع کرائی گئی تھیں، وفاقی کابینہ کے ارکان کو سو روزہ کارکردگی کی رپورٹس ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزرا اور مشیروں کے مستقبل کے لیے بھی اہم ہے، حکومت کے پہلے سو روز میں کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پروزرا کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بیان بازی پر وزرا سے باز پُرس کیے جانے کا بھی متوقع ہے۔