حبیب بینک نے قائد اعظم ٹرافی تیسری مرتبہ جیت لی


کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ ’قائد اعظم ٹرافی‘ حبیب بینک نے تیسری مرتبہ جیت کر اپنے نام کرلی۔ اس طرح اس نے جیت کی ہیٹ ٹرک کی۔

ہم نیوز کے مطابق شہرقائد کے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں حبیب بینک اور سوئی ناردرگیس کے درمیان فائنل میچ کھیلا گیا جو ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔

ماہرین کرکٹ کے مطابق میچ کے فیصلہ کن نہ ہوسکنے کی بڑی وجہ پچ کی خراب صورتحال تھی۔ آفیشلز نے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکنے والے میچ کا فیصلہ پہلی اننگز کی بنیاد پر کیا جس کی وجہ سے حبیب بینک کی ٹیم فاتح قرار پائی۔

ہم نیوز کے مطابق سوئی ناردرن گیس کی ٹیم نے 304 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں حبیب بینک نے 472 رنز بنادیے تھے۔ سوئی ناردرن کی ٹیم نے دوسری اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 430 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔

کھیل کے اختتام پر حبیب بینک کی ٹیم چھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 183 رنز ہی بنا سکی تھی۔

ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو فائنل کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے دونوں اننگز میں بالترتیب 113 اور 52 رنز بنائے تھے۔

قائداعظم کرکٹ ٹرافی میں ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر اعزاز چیمہ قرار پائے جنہوں نے 59 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا تعلق لاہور سے ہے۔

کراچی کے خرم منظور ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز ٹھہرے کیونکہ انہوں نے 886 رنز کا ڈھیر لگا دیا۔ بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ پشاور کے گوہر علی نے اپنے نام کیا۔

قائد اعظم کرکٹ ٹرافی کی فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ روپے بطور انعامات دیے گئے۔


متعلقہ خبریں