ملک میں غیریقینی کی کیفیت ہے،سائرہ افضل تارڑ

ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ملک میں کوئی حکومت ہے ہی نہیں، رہنما ن لیگ

  • تحریک انصاف کی کمزوری ان کے قول و فعل میں تضاد ہے،سائرہ افضل
  • وزیراعظم کو غریب کی مشکلات کا کیا درد ہو گا، نواب علی وسان 
  • مل کر قانون سازی کرنا چاہتے ہیں،اعجاز احمد چوہدری

اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ نواز(ن) سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی حکومت میں اتنی غیریقینی کی کیفیت پیدا نہیں ہوئی جتنی عمران خان قیادت کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ملک میں کوئی حکومت ہے ہی نہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “ںیوز لائن” میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذولفقار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے الیکشن سے قبل کیے گئے دعوے عوام کے سامنے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی سب سے بڑی کمزوری ان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔

وزیراعظم کو غریب کی مشکلات کا کیا درد ہو گا، نواب علی وسان 

دوسری جانب رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نواب علی وسان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین ماہ میں ہی پی ٹی آئی نے یہ ثابت کردیا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے یہ لوگ نہ کسی کے دوست بن سکتے ہیں اور نہ ہی دشمن۔

نواب علی وسان نے مزید کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ ہر وقت معیشت کا رونا رونے والے  ہمارے  وزیراعظم کوعلم ہی نہیں کہ ڈالر کی قدر گر رہی یا بڑھ رہی ہے۔

رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان تو آرام سے بنی گالہ سے نکل کر وزیراعظم ہاؤس چلے جاتے ہیں انہیں غریب کی مشکلات کا کیا درد ہو گا۔

رہنما پی پی پی نے حکومتی جماعت کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین کا حکومت سنبھالنے کے بعد ابتدائی 90 دنوں میں ہی قبل ازوقت انتخابات کی بات کرنا ثابت کرتا ہے کہ ان میں ملک سنبھالنے کی صلاحیت ہی نہیں۔

مل کر قانون سازی کرنا چاہتے ہیں،اعجاز احمد چوہدری

پروگرام میں شریک تیسرے مہمان پی ٹی آئی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ ہم عوام کے مفاد کے لیے سب جماعتوں کے ساتھ مل کرقانون سازی کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی یہ پالیسی اپوزیشن سے ہٹ کر چلنا نہیں ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جھگڑنے کے بجائے ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نیب یا کسی اور ادارے کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہیں کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں