ریلوے کی ترقی سے سی پیک کو کامیابی ملے گی، شیخ رشید



راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے ملازمین کے لیے بہتر منصوبے شروع کر رہے ہیں، ریلوے بہتری کی جانب گامزن ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم غیر ضروری اخراجات کو کم کر رہے ہیں، 23 دسمبر کو رحمان بابا ٹرین کا آغاز کررہے ہیں، ریلوے کی ترقی کا عرصہ 23 دسمبر سے ہوگا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے مجھے نالہ لئی ایکسپریس کا فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی سے ہی سی پیک کو فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں نو کروڑ 70 لاکھ کی تاریخی آمدنی ہوئی، ہم نے بلوچستان سے کراچی کے لیے دو سستی ٹرینیں شروع کی ہیں۔

کرایوں میں اضافے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرین لائن کے کرایوں میں 500 اضافہ کیا ہے، ریلوے کے کرایوں پر ہر 30 دن بعد نظرثانی کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  مجھے پوری امید ہے کہ ریلوے کا محکمہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔


متعلقہ خبریں