ٹرینوں کے کرایوں میں 19 فیصد تک اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان ریلوے نے عوام پر کرایوں میں اضافے کا بم گرا دیا۔ ٹرینوں کے کرایوں میں دس سے 19 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جس کا اطلاق سات دسمبر سے ہو گا۔

پاکستان ریلوے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس اور گرین لائن کے ای سی بزنس کے کرائے میں 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ اکانومی کلاس کے کرایوں میں 170 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

کراچی ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، شالیمار، شاہ حسین ایکسپریس کے اے سی سلیپرکرایوں میں 670 روپے، اے سی بزنس میں540 روپے اور اے سی پارلر میں 390 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اے سی اسٹینڈرڈ کے کرائے میں 380 روپے جب کہ اکانومی کے کرائے میں 180 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل کے ای سی سلیپر میں 850 روپے، اے سی بزنس میں 600 روپے، ای سی اسٹینڈرڈ میں 490 روپے اور اکانومی کلاس میں 190 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام کے اے سی سلیپرمیں 890 روپے، اے سی بزنس میں 660 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ میں 530 روپے اور اکانومی کلاس میں 210 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی سی فیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس کے اے سی بزنس میں 540 روپے اور اکانومی میں 160 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ کراچی سے ملتان جانے والی بہاؤالدین ذکریا کے اے سی بزنس میں 480 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ میں 360 روپے اوراکانومی کلاس میں 140 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی سے راولپنڈی جانے والی کراچی ایکسپریس کی اکانومی کلاس میں 250 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ کراچی سے سکھرجانے والی اے سی سلیپرمیں 350 روپے، اے سی بزنس میں 230 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ میں 180 روپے جب کہ اکانومی کلاس میں 80 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

محکمہ ریلوے نے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن تمام ڈویژنل سپریٹنڈنٹ کو جاری کردیا ہے جب کہ سات دسمبر سے ریلوے بکنگ آفس کے کھلنے کے اوقات میں مزید آٹھ گھنٹے کا اضافہ بھی کر دیا ہے۔ جس کے بعد اب ریلوے بکنگ آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق ریلوے بکنگ آفس کا ریزرویشن اسٹاف انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے ریلوے کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ کراچی سمیت دیگر اسٹیشنز کے بکنگ آفسز میں ریزویشن اسٹاف نہ ہونے کی وجہ سے اکثر کاؤنٹر بند ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں