غیرسنجیدہ وزیر اعظم سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا، آصف زرداری



ٹنڈوالہ یار: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ غیرسنجیدہ وزیر اعظم سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا۔

ٹنڈوالہ یار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپوزیشن کو جیل میں ڈالنے کی بات کی، ہم میں جیل جانے کا صبر بھی ہے اور حوصلہ بھی، کیا عمران خان جیل کی سختیاں برداشت کر سکتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے احتساب کا قانون میرے لیے بنایا تھا اور انہیں کے گلے پڑ گیا۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا  جے آئی ٹی نے بلاول بھٹو کو نہیں بلکہ مجھے اور میری بہن کو بلایا۔ پیپلز پارٹی نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہزاروں دکانیں گرا کو لوگوں کو بےروزگار کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ حکومت معاملات سنبھال سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ ملک کٹھ پتلیوں سے نہیں چل سکتا۔ حکومت کے پاس سیاسی سمجھ بوجھ نہیں ہے۔

18ویں ترمیم سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 18وین ترمیم کی شق کو ختم کرنے کے لیے ہر سازش ناکام بنائیں گے۔

گزشتہ روز عمران خان کی جانب سے دیے گئے قبل ازوقت انتخابات کے بیان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ حکومت کو خطرہ ہوا تو وہی بچائیں گے جو انہیں اقتدار میں لائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے لوگ شہید کیے گئے، ہمیں ایسے ٹریٹ کیا گیا جیسے ہم دہشت گرد ہیں۔

 


متعلقہ خبریں