ہاکی ورلڈ کپ: اسپین-فرانس میچ 1-1 سے برابر


بھوبنیشور: بھارتی شہر بھوبنیشورمیں ہاکی ورلڈ کپ کے میچز جاری ہیں جس کے دوران پول اے کے ایک میچ میں فرانس اور اسپین کا میچ برابر رہا۔

رینکنگ کے اعتبار سے ٹورنامنٹ کی کمزور ترین ٹیم فرانس نے خود سے بہتر سمجھے جانے والی ٹیم اسپین کا بھرپور مقابلہ کیا اور ابتدائی 60 منٹ میچ پر اپنا غلبہ برقرار رکھا۔

فرانس کی جانب سے گول چھٹے منٹ پر ٹیمیتھی کلیمنٹ نے اسکور کیا اور تیسرے کوارٹر تک فرانس اس کا دفاع کرنے میں کامیاب رہا تاہم 48ویں منٹ میں الوارو اگلیسیاس کی جانب سے جوابی گول داغہ گیا۔

فرانس کو میچ میں مزید گول اسکور کرنے کے مواقع ملے جبکہ ایک پینالٹی اسٹروک بھی ملا تاہم اپنے مضبوط دفاع کے لیے مشہور اسپینش ٹیم دفاع کرنے میں کامیاب رہی۔

دن کے دوسرے میچ میں انجنٹینا نے نیوزی لینڈ کو صفر کے مقابلے میں تین گولز سے شکست دے دی۔

اس سے قبل پول اے کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے میچوں میں ارجینٹینا نے اسپین کے خلاف تین کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل کی تھی، جب کہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے فرانس کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔

پاکستان ہاکی

ورلڈکپ 2018 میں پاکستان گروپ ڈی میں شامل ہے، اس میں چار بار کی عالمی چیمپئن پاکستان، تین مرتبہ کی چیمپئن ہالینڈ، دو بار کی عالمی چیمئین جرمنی اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

میگا ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ  پانچ دسمبر کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا جب کہ قومی ٹیم اپنے پہلے میچ میں جرمنی سے شکست کھا چکی ہے۔

پاکستان 1971، 1978،1982 اور 1994 میں ورلڈ کپ کا فاتح رہا ہے۔ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے قومی ٹیم کیلئے ٹورنامنٹ کی ٹاپ 8 ٹیموں میں آنا لازمی ہے۔

پاکستانی اسکواڈ میں عمران بٹ، مظہر عباس، عرفان سینئیر، مبشر علی، علیم بلال، فیصلقدیر، عماد بٹ، توثیق ارشد، راشد محمود، تصور عباس، اعجاز احمد، عمر بھٹا، عرفان جونیئیر، رضوان سینئیر،علی شان، ابو بکر، محمد عتیق اور زبیر شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں