حکومت نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبودیا، ترجمان بلاول

بلاول کی پیشی، ڈی چوک میدان جنگ بن گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے وزیراعظم کے خطاب کو غیر متاثرکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے 100 دن میں حکومت نے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی کارکردگی بیان کی۔

ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ100 دن حکومت میں رہنے کے بعد بھی عمران خان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کا خواب دکھانے والوں نے 100 دنوں میں سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور بیورکریسی میں سیاسی مداخلت نے تبدیلی کے دعویداروں کو بے نقاب کیا ہے۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی خارجہ پالیسی کو شدید نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کا مرکز و محور کشکول کو بنا دیا ہے۔

حکومتی اقدامات پر کری تنقید کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ 100 دنوں میں صرف کمیٹیوں کے اوپر کمیٹیاں پھر ان کے اوپر کمیٹیاں بنائی گئیں۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم احتساب کی بات کرنے سے قبل کم سے کم اپنے سامنے بیٹھے ساتھیوں پر نظر ڈال لیتے۔ ترجمان کے مطابق خان صاحب اپنے ان مالی سہولت کاروں کو ہی نیب کے حوالے کردیں جن کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر کوعذرگناہ، بدتر ازگناہ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی سب سے زیادہ جھوٹ بولنے کا میڈل عمران خان کو ہمیشہ کی طرح جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزرا میں جھوٹ کے سخت مقابلے کے بعد اسد عمر نے دوسری اورشاہ محمود قریشی صاحب نے تیسری پویشن حاصل کی ہے اور ہمیشہ اول آنے والے فواد چوہدری ریس سے ہی باہر ہوگئے ہیں۔

سابق وفاقی وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ 100 دن کی کارکردگی بتانے کے بجائے آئندہ 100 دن کا پروگرام دے دیا جب کہ قوم انتظار کرتی رہی کہ کارکردگی کہاں ہے ؟ اور اس کے بارے میں کب بتائیں گے؟

پی ایم ایل (ن) کی ترجمان نے عمران خان پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بھینسوں کے بعد اب کٹّے، دیسی مرغیوں، جھینگوں اور اسلامی ٹورازم (Islamic Tourism) سے ملکی معیشت ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ مایوس ہونے کے بجائے گوگل پر حکومتی کارکردگی کی تلاش جاری رکھے۔

سابق وفاقی وزیرمملکت نے اعلان کیا کہ  پاکستان مسلم لیگ (ن) کل قوم کو بتائے گی کہ 100 دن میں پی ٹی آئی نے کتنے جھوٹ بولے؟ کتنے یوٹرن لئے؟ اور کتنی ناکامیاں حاصل کیں؟

ان کا کہنا تھا کہ سو دن، سوناکامیوں کا اصل حقائق نامہ پی ایم ایل (ن) کل جاری کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کا عمران خان پر اعتماد نہیں رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم بتاتے کہ میری نالائق ٹیم کی وجہ سے فارن ریزورز 17 ارب ڈالرز سے کم ہوکر گیارہ ارب ڈالرز ہوگئے ہیں،غیرملکی قرضوں میں 900 ارب کا اضافہ ہوا ہے، ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا ہے اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 67فیصد کمی ہوئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کو بتانا چاہیے تھا کہ ان کی نالائقی کی وجہ سے ترقی بجٹ میں 35 فیصدکٹوتی ہوئی تو چارلاکھ لوگ بیروزگار ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے مینڈیٹ پر آیا وزیراعظم عوام کی حقیقی ترجمانی کرسکتا ہے اور نہ ہی کارکردگی دکھا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بتانا چاہیے تھا کہ ہم جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں، ملک چلانے کے نہیں اور بہتر ہوتا کہ وہ یہ بھی بتاتے کہ میں نے منی لانڈرنگ کے 200 ارب ڈالرز بیرون ملک ہونے کا جھوٹ بولا تھا کیونکہ وہ اب دعویٰ کرتے ہیں کہ منی لانڈرنگ کا 12 ارب ڈالر بیرون ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان 12 ارب ڈالرز کے بارے میں بھی ابھی انہیں یقین نہیں ہے کہ یہ چوری کا پیسہ ہے؟

سابق وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہماری بھی بشریٰ بی بی سے درخواست ہے کہ عمران خان صاحب کو یقین دلانا جاری رکھیں کہ وہ واقعی وزیراعظم بن چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں