حکومت رونا چھوڑ کر کام شروع کرے، شائستہ پرویز


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما شائستہ پرویز نے کہا ہے کہ اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بلیک میل ہوتی رہے گی، ابھی تو صرف سو دن گزرے ہیں، آگے آگے دیکھیں کیا کچھ ہوتا ہے کیونکہ انہیں اندازہ نہیں کے حکومت کیسے کی جاتی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کے لیے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے، حکومت نے اقتدار میں آتے ہی عوام پر مہنگائی بم گرایا اور ان کے سر سے چھتیں چھین لیں اور جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے کوئی کام ٹھیک طریقے سے نہیں ہو رہا۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ حکومت اب رونا چھوڑ کر کام شروع کرے کیونکہ یہ ملکی معاملات نہیں سنبھال پا رہے۔

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد نے کہا کہ ہمارے لیے عمران خان ایک سیاسی نہیں بلکہ انقلابی لیڈر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی  تبدیلی لانے کے لیے نکلی ہے اور لا کر رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف جس دورطسے گزر رہی ہے اس کے بارے میں وہ ہی جانتی ہے اسی لیے دیگر سیاسی جماعتوں کو یہ بات سمجھ نہیں آ رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہیں بھی سمجھوتے نہیں کرنے پڑے، نہ ہی مستقبل میں کریں گے، عوام ہمارے ساتھ ہے اس لیے حکومت تبدیلی کی ہی رہے گی۔

پولیس ریفارمز کے حوالے سے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ کے پی کی پولیس پنجاب پولیس کے مقابلے میں بہت بہتر ہے لیکن ابھی بھی اس شعبے میں  بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عاجز دھامرا نے کہا کہ دنیا میں کون سے ایسے انقلابی لیڈر ہوتے ہیں جو یو ٹرن لیتے ہیں؟ تحریک انصاف اپوزیشن کے لیےنہیں بلکہ عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وہی سب کام کر رہی ہے جس کا یہ اپوزیشن میں ہوتے ہوئے رونا روتی تھی۔


متعلقہ خبریں