شاہد مسعود پانچ روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سرکاری ٹی وی (پی ٹی وی) کرپشن کیس میں گرفتار سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

سینئر صحافی اور سابق ایم ڈی پی ٹی وی ڈاکٹر شاہد مسعود کو ایف آئی اے نے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدا کی تاہم عدالت نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

عدالت نے ملزم کو پانچ روز بعد عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کے ساتھ آئندہ سماعت پر ملزم کی تفتیشی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے ملزم کی میڈیکل رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر ڈاکٹر شاہد مسعود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج سے میڈیا پر بہت بڑا کریک ڈاؤن شروع ہو رہا ہے لیکن یہ میرا تاثر ہے جو غلط بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آمدنی سے زائد اثاثوں پر میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہو گا جس سے سوشل میڈیا بھی نہیں بچ سکے گا۔

اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے 25 اکتوبر کو شاہد مسعود کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کر دی تھی جس کے بعد شاہد مسعود عدالت سے فرار ہو گئے تھے۔

جمعہ کو بھی درخواست ضمانت مسترد ہونے پر ایف آئی اے نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی شاہد مسعود کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا تھا۔ شاہد مسعود پرپاکستان ٹیلی ویژن میں تین کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں