ملائشین ائرفورس کے چیف 24 نومبر کوپاکستان کا دورہ کریں گے


اسلام آباد:وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کامیاب دورہ ملائیشیا کےنتائج سامنے آنے لگے۔رائل ملائیشن ائرفورس کے چیف جنرل تانسری داتوسری حاجی آفندی بن بوانگ پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق ملائشین ائرفورس کے چیف 24 نومبر کو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچیں گے۔


اس ضمن میں چیف ملائیشن ائرفورس کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے سٹیٹ لاونج کی دستیابی کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

ائروائس مارشل وقاص حبیب سلہری اور ائر کموڈور راشد حبیب اپنی بیگمات کے ساتھ ملائشین ائرچیف کا استقبال کریں گے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے ملائشیا کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ طے پایا جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان کی دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔

بعد ازاں ملائیشین ہم منصب سے ون آن ون ملاقات کے  بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ ہم فی کس آمدنی میں اضافے، معاشی ترقی اور سیاحت کے شعبے میں ملائیشیا سے سیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو  بحران سے نکلنے اور کرپشن کیخلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملائیشیا کے ساتھ باہمی مفاد اور تجارت کے علاوہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں