ہنگو میں دھماکہ، 30 افراد جاں بحق، 40 زخمی

گورنر خیبرپختونخوا کا دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کیلیے امداری پیکج کا اعلان


اورکزئی: لوئر اورکزئی کے علاقے کلایہ بازار میں دھماکے میں 30  افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق  دھماکہ جمعہ منڈی بازار میں ہوا، دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جب کہ زخمیوں کو کلایہ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

اورکزئی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، واقعے کے بعد ہنگو اور کوہاٹ کے  ہستپالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکہ خود کش تھا یا ریمورٹ کنٹرول سے کیا گیا تھا۔

واقع کے بعد کلایہ کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے اور سیکورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ہفتے کے روز گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے دورہ اورکزئی کے موقع پر اورکزئی دھماکے میں جاں بحق اور زخمیوں کے لیے امداری پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

جس کے مطابق نارمل زخمیوں کے لیے ایک ایک لاکھ جبکہ شدید زخمیوں کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا علان کیا گیا ہے۔

شاہ فرمان نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 10، 10 لاکھ روپے امدادی پیکج دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں، وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے لوئر اورکزئی ایجنسی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے شہدا کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے غم ذدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔

وزیر اعظم نے زخمیوں کو بہتری طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایات کی ہیں۔

بلاول بھٹو کا اظہار افسوس

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اورکزئی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات کی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے اور اس میں ملوث لوگ بھیڑیے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ واقعہ پوری قوم کے لیے سانحہ ہے، امتحان کی گھڑی میں پوری قوم متحد ہے۔


متعلقہ خبریں