آپ منتخب وزیراعظم ہیں ڈکٹیٹر نہیں، شہباز شریف



اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ منتخب وزیراعظم ہیں ڈکٹیٹر نہیں، بیرون ملک دوروں میں اس طرح کی باتیں نہیں کرنی چاہیں کہ اپوزیشن کو جیل میں ڈالیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمیں دھمکیاں نہ دیں ہم ان گلیوں سے پہلے بھی گزر چکے ہیں اور آج بھی گزر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور ایوان کو بیرون ملک دوروں سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔ سو روزہ پلان پر وزیراعظم کی جانب سے قومی اسمبلی میں خطاب کا امکان ہے اور وزرا کو بھی کارکردگی رپورٹ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس کا سات نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔  ایجنڈے میں موٹروے ایم ون پرسروسزکی عدم دستیابی پرتوجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے۔

وزیرخزانہ اسد عمر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تیسری سہہ ماہی اورچوتھی سہ ماہی 2017-18 کی رپورٹ پیش کریں گے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بینک اکاوئنٹس ہیک ہونے اور عوام کی گہری تشویش سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔

وزیر پارلیمانی امورعلی محمد خان صدر مملکت کا ایوان سے خطاب پر شکریہ کی تحریک پیش کریں گے۔

اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی والدہ اورایس پی طاہر داوڑ کے لیے فاتحہ خوانی بھی کرائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں