شرپسندوں کے خلاف درست سمت کا تعین ضروری ہے،غلام مصطفیٰ

  • اب ریاست کو عوام کے سامنے اپنی ایک سمت عیاں کرنا ہو گی، جبران ناصر
  • نواز شریف پہلے ہی تمام الزامات مسترد کرچکے ہیں،راجہ عامرعباس
  • طاہر داوڑ کا خلا کوئی اور پر نہیں کرسکتا،احمد الدین داوڑ

اسلام آباد: جنرل(ر) غلام مصطفیٰ نے کہا ہے کہ اس یہ تاثر بن رہا ہے کہ شرپسند عناصر سے مقابلہ کرنے کے بجائے ریاست کمزور ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنا کیس کے معاملے میں حکومت کو درست سمت کا تعین کرنا ہوگا تب ہی شرپسند عناصر سے مستقل چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا  کہ گزشتہ حکومتوں کی کوتاہیوں کی وجہ سے ایسے عناصر کو دوبارہ پرتشدد رویہ اپنانے کا موقع ملا۔

وزیراطلاعات کے میڈیا کے متعلق بیان پر بات کرتے ہوئے جنرل(ر) غلام مصطفیٰ نے کہا کہ بہت حد تک چینلز کا انحصار حکومتی وسائل پر ہےاسی لیے بہت سے چینلز بند ہو رہے ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے جو بھی لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کا انحصار حکومتی وسائل پر نہیں ہونا چاہیے اور اس معاملے پر پی ٹی آئی کو اپنی پالیسیوں میں شامل کرنا چاہیے۔

اب ریاست کو عوام کے سامنے اپنی ایک سمت عیاں کرنا ہو گی، جبران ناصر

دوسری جانب پروگرام میں شریک مہمان اور سماجی کارکن، جبران ناصر کا فیض آباد دھرنا کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس معاملے میں ریاست کی رضا دور دور تک نظر نہیں آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ صرف بڑی بڑی تقاریر کرنے سے تمام مسائل حل نہیں ہوتے، ریاست کو عوام کے سامنے اب اپنی ایک سمت عیاں کرنا ہو گی۔

نواز شریف پہلے ہی تمام الزامات مسترد کرچکے ہیں،راجہ عامرعباس

پروگرام میں موجود مہمان سابق نیب پراسیکیوٹر راجہ عامرعباس نے العزیزیہ ریفرنس کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کی سماعت میں نوازشریف نے کوئی گواہ اس لیے نہیں پیش کیا کیونکہ وہ پہلے ہی تمام الزامات بشمول قطری خط کو مسترد کرچکے ہیں اور سب بتا چکے ہیں۔

پروگرام میں مہمان بھارتی صحافی رویندر سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارتی کابینہ کا کرتارپور سرحد کھولنے کا فیصلہ قدم پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کم کرنے کے لیے خوش آئند ہے۔

بھارتی صحافی نے کہا کہ دونوں ممالک میں اس سے متعلق باتیں تو گزشتہ دورحکومتوں میں بھی ہوتی رہی ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اس پر عمل کب اور کیسے ہوگا۔

طاہر داوڑ کا خلا کوئی اور پر نہیں کرسکتا،احمد الدین داوڑ

پروگرام میں موجود مہمان، شہید ایس پی طاہر داوڑ کے بھائی احمد الدین داوڑ کا میزبان کا کہنا تھا کہ طاہر داوڑ ایک ایسی شخصیت تھی جس کا خلا کوئی اور پر نہیں کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں بتایا ہے کہ طاہر نے پولیس کے فرائض انجام دیتے ہوئے ہی جان دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے حکومت سےعالمی سطح پر تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا مگر کافی بحث مباحثے کے بعد ہم نے سات رکنی جے آئی ٹی پر ہی اتفاق کر لیا ہے اور حکومت سے انصاف کی فراہمی کی اپیل ہے۔


متعلقہ خبریں