ماڈل ٹاؤن کیس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی، عامر کیانی

  • کرتار پور بارڈر پر اتفاق رائے سے  دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں، سرفراز بگٹی
  • کرتار پور بارڈر پر حکومتی اقدام کو سراہتے ہیں، ناصر شاہ
  • کے پی میں احتساب کمیشن کیوں بند کیا جا رہا ہے؟،مائزہ حمید

اسلام آباد: وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ ناصرف ماڈل ٹاؤن کیس کو بھی کھولیں گے بلکہ جلد معاملہ منظرعام پر لا کر تحقیقات کی جائیں گی اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب اپنا کام کررہا ہے، اگر کہیں کچھ ٹھیک نہیں ہو رہا اور کسی کو تحفظات ہیں تو اس پر بات کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرتار پور سرحد کھولنا ایک اچھا فیصلہ ہے جس کے اچھے ثمرات سامنے آئیں گے جبکہ بھارت  اور پاکستان کے مابین تجارت کو بھی فروغ ملنا چاہیے۔

کرتار پور بارڈر پر اتفاق رائے سے  دونوں ممالک کے تعلقات بہترہوسکتے ہیں، سرفراز بگٹی

پروگرام میں موجود سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کرتار پور بارڈر پر اتفاق رائے سے  دونوں ممالک کے تعلقات  بہتر ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ پورا معاشرہ ہی کرپشن کا شکار ہوچکا ہے اسی لیے احتساب سب کا ہونا چاہیے اور احتساب پروزیراعظم کی سوچ کافی اچھی ہے کہ احتساب ایسا ہو جو سیاسی انتقام نہ لگے بلکہ حقیقی احتساب ہو۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کا سیاسی ماحول بھی دوسرے صوبوں کی طرح ہی ہے۔ یہاں بھی پارٹی رہنماؤں میں اختلافات ہو جاتے ہیں جو ایک عام بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے لوگ بلوچستان کے اے اور بی علاقوں کو سمجھ نہیں سکتے۔

کرتار پور بارڈر پر حکومتی اقدام کو سراہتے ہیں، ناصر شاہ

پروگرام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر شاہ نے کہا کہ ہم کرتار پور بارڈر پر حکومتی اقدام کو سراہتے ہیں، یہ ایک اچھا فیصلہ ہے اور ہم حکومت کے ہر اچھے  فیصلے میں اس کے ساتھ ہیں تاہم  غلط اقدامات پرتنقید بھی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ پنجاب میں  پیپلز پارٹی نے بڑی تعداد میں ووٹ لیے، 2023 میں پنجاب میں سب ووٹ پیپلز پارٹی کے ہی ہوں گے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے نیب زدہ لوگوں کا بھی احتساب کرے، ہم حکومت کو احتساب سے نہیں روکتے لیکن افسوس پی ٹی آئی نے ابھی تک ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔

کے پی میں احتساب کمیشن کیوں بند کیا جا رہا ہے؟،مائزہ حمید

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ ملک سے کرپشن ختم کرنے کی بات کی تو اب کے پی میں احتساب کمیشن کیوں بند کیا جا رہا ہے؟ اپوزیشن میں بیٹھ کر تو یہ لوگ بہت شور مچایا کرتے تھے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ  اگر ان پر کرپشن ثابت ہوئی تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے، انہوں نے ملک کے لیے بہت کام کیے ہیں، اس طرح سے انہیں گرفتار کرنا غلط ہے۔


متعلقہ خبریں