وزیر اعظم نے 15 ہزار جعلی اکاؤنٹس اور اربوں کی کرپشن پکڑ لی، فیاض الحسن

دنیا عمران خان کے مؤقف کی تائید کر رہی ہے، فیاض الحسن چوہان

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 15 ہزار جعلی اکاؤنٹس اورسینکڑوں ارب کی کرپشن ڈھونڈ نکالی ہے جب کہ عمران خان کی بیرون ملک کوئی جائیداد اور اکاؤنٹس نہیں ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ کرپشن کے ساتھ ترقی نہیں کرسکتا جب کہ نواز شریف اور آصف زرداری جیسے حکمران کرپشن اور بد دیانتی کے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور بددیانت شخص اپنا نام سیاستدان اور جمہوریت رکھ لیتا ہے اور جب ان لوگوں پر ادارے ہاتھ ڈالتے ہیں تو ان کی طرف سے جمہوریت اور پارلیمانی نظام خطرے میں پڑ جاتا ہے۔ ہماری لیڈر شپ اگر آج ٹھیک ہو جائے تو پاکستان کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میٹر ریڈر اور سینما ٹکٹیں بیچنے والے سارا دن جمہوریت کی تسبی پکڑے بیٹھے ہیں جب کہ جمہوریت میں جب کرپشن اور ننے خان پھنے خان شامل ہوں تو کہا جاتا ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

صوبائی وزیر پنجاب نے اپنی تنخواہ بتاتے ہوئے کہا کہ میری تنخواہ 52 ہزار ہے جب کہ وزرا اور بیوروکریٹ کے بچے بیرون ملک صرف کرپشن کی وجہ سے ہی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جب کہ قائد اعظم کے پاکستان کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ کے فرزند اور داماد نیب آفس میں ایسے آتے ہیں جیسے کشمیر فتح کر کے آئے ہیں۔ ذہنی طور پر معذور شخص پنجاب میں بیورو کریسی کا بیڑا غرق کرکے چلا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں