ریلوے کی زمین سے قبضہ ختم کرائیں گے، شیخ رشید



لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے میں کرپشن کے خلاف نیب میں درخواست دیں گے اور محکمے کی ایک ایک انچ زمین سے قبضہ ختم کرائیں گے۔

انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رائل پام اور شالیمار کا کیس نیب میں لے کر جا رہے ہیں، جو افسر فیلڈ میں نہیں جائے گا اسے گھر جانا پڑے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے اس موقع پر طلباء  کو 25 دسمبر سے 10جنوری تک کرایوں میں 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کوٹرینوں پر سوار ہونے کے لیے ضروری سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گیارہ ہزار آسامیوں پر میرٹ کے مطابق بھرتیاں کی جائیں گی۔ چھ ٹرینیں چلا چکے ہیں جبکہ مزید چار ٹرینیں چلائیں گے۔ سی پیک ایم ایل ون کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا۔ اس پر چین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے یوٹرن سے متعلق بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بارے میں تفصیلات معلوم نہیں، جتنی محنت عمران خان کر رہے ہیں اتنی کسی کے بس کی بات نہیں۔ پاکستان میں لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی آسان کام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ میڈیا کی وہ محبتیں نہیں ہیں جو ماضی کے حکمرانوں کو میسر تھیں، میڈیا میں کوئی سنسر شپ نہیں ہے ورنہ روزانہ ہمارے اوپر اس طرح تنقید نہ ہو رہی ہوتی۔ صحافیوں کو سوال کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ان کی چوہدری نثارکے ساتھ ایک شادی میں تفصیلی ملاقات ہوئی، وہ مسلم لیگ ن یا پی ٹی آئی میں نہیں جا رہے، ملاقات میں چوہدری نثار نے اعتراف کیا کہ میں نے ان سے متعلق درست بات کی تھی کہ ایکسپریس ٹرین کبھی مسافروں کا انتظار نہیں کرتی، اس وقت چوہدری نثار کے پاس 40 لوگ تھے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ تک جھاڑو پھر جائے گا، فالودے، ویلڈنگ کے سر پر کھیلنے والے جیل کا خام مال ہیں، گولی اندر اور چوہے جالندھر میں ہوں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سندھ ایکسپریس، شاہ ایکسپریس، لاہور فیصل آباد کو ملتان تک لے کے جا رہے ہیں جبکہ بابا رحمان ایکسپریس بھی تیاری میں ہے۔ 125 سب انجینیئرز کی بھرتی کا اشتہار جاری ہو گیا ہے۔ گیارہ ہزار خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیئے گیارہ دسمبر تک درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ٹرین میں معذوروں کے لیے ایک واش روم بنوائیں گے۔ 25 دسمبر سے دس جنوری کے دوران نوں میں مسیحی برادری کے لیے 50 فیصد ڈسکاؤنٹ ہوگا۔ روہڑی میں ایک نیا پراجیکٹ شروع کرنے جا رہے ہیں۔ روہڑی میں نیا پلیٹ فارم اور سو دوکانیں بنائیں گے۔ یہ تمام ٹرینز ری بلٹ کی ہیں جنہوں ریلوے کے مزدوروں اور افسران نے چلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے افسران گراؤنڈ ہر نہیں جاتے، جن افسران کی بھی گراونڈ پر ڈیوٹی ہے وہ ہر صورت میں اپنے مقررہ دن گراونڈ پرہو گا۔ شالیمار اسپتال، رائل پالم کا کیس لیکر نیب میں جا رہے ہیں، اللہ کے بعد صرف چیف جسٹس کا سہارا رہ گیا ہے، ان سے بھی خود ملوں گا۔

 


متعلقہ خبریں