پاکستان میں پیار اور محبت کا پیغام لائے ہیں، شبانہ اعظمی


لاہور: نامور بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیار اور محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے ہونے چاہیے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان آمد کے موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ان کے شوہر نامور شاعر جاوید اختر  اور سلیمہ ہاشمی بھی موجود تھے۔

گورنر پنجا ب کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملتے لیں۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ گورنر پنجاب کو شبانہ اعظمی اور جاوید اختر نے سینیٹ کے ضمنی انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی۔

شبانہ اعظمی اور شاعر جاوید اختر واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے ہیں جبکہ دونوں بھارتی فنکاروں کا ڈائریکڑ آپریشنز ارشاد انجم نے استقبال کیا۔

اداکارہ شبانہ اعظمی اور جاوید اختر لاہور میں فیض انڑنیشنل فیسٹیول میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں۔  فیض انڑنیشنل فیسٹیول ہر سال فیض احمد فیض کی سالگرہ کے موقع پہ منعقد کیا جا تا ہے۔  فیض میلہ 16 نومبر سے 18 نومبر تک کے لیے لاہور میں منعقد ہوگا۔

جاوید اختر کا کہنا ہے کہ بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی لاہور آ کر بہت خوش ہو رہی ہیں۔ دونوں بھارتی فنکار لاہور میں تین روز قیام کریں گے۔ اداکارہ شبانہ اعظمی 16 نومبر  اور جاوید اختر کی 18 نومبر کو واپس جائیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں نامور بھارتی شخصیات میں صرف شبانہ اعظمی اور جاوید اختر ہی لاہور  نہیں آئے بلکہ بالی ووڈ کے متعدد نامور فلم کار  بھی پاکستان آئے ہیں جن میں اشوینی ملک اور نندیتا داس شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں