سی پیک ہر قیمت پر مکمل ہوگا، وزیر خارجہ

چیئرمین کمیٹی کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر متحرک انداز میں اجاگر کرنے کی ہدایات

پلوامہ حملہ: ’پاکستان ٹھوس شواہد پر تعاون کرنے کے لیے تیار‘ | ہم نیوز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک مرتبہ پھر پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ہر قیمت پر مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ اُمور کا ان کیمرہ اجلاس سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ،ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل، اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیر خارجہ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن سے ملاقات کا احوال کمیٹی کو بتایا، اجلاس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس سے متعلق اُموربھی زیر بحث آئے۔

اس موقع پر کمیٹی اراکین نے حکومت کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام عالم میں اہمیت کا حامل ہے، وزارت خارجہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں پر مربوط پالیسی تشکیل دے، آئی این جی اووز پالیسی کو منظوری کیلئے پارلیمان میں پیش کیا جائے، پاکستان کسی صورت تنہائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

چیئرمین کمیٹی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر متحرک انداز میں اجاگر کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، برطانیہ اور دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری کو بھرپور انداز منائے گا۔

بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب، چین، سی پیک پر بھی کمیٹی کو بریفنگ دی۔

وزیر خارجہ نے افغانستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر بھی روشنی ڈالی جبکہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے معاملے پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت پرعزم ہے ، سی پیک منصوبہ ہر قیمت پر مکمل ہوگا، سی پیک منصوبے کو اعلیٰ ترقیاتی اور نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں، سی پیک قومی تذویراتی منصوبہ ہے، اقتصادی سفارت کاری، وزارت خارجہ کی اولین ترجیح ہے۔


متعلقہ خبریں