حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت میں 20 نومبر تک توسیع

فائل فوٹو


لاہور: عدالت عالیہ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 20 نومبر تک توسیع کردی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نیب کے طلبی نوٹس کیخلاف تین درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواستوں میں چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب لاہور کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخوست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے نامعلوم انکوائری میں طلبی کے نوٹس جاری کر رکھے ہیں جب کہ پہلے صاف پانی کمپنی اور رمضان شوگر ملز انکوائری میں سوالنامہ اور ریکارڈ فراہم کرچکے ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ طلبی نوٹس میں الزام سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ رمضان شوگر ملز کے خراب پانی کے نکاس اور شریف ڈیری فارم کے معاملے پر طلب کیا گیا جو کہ ماحولیاتی ایجنسی کے دائرہ اختیار میں آتا ہے نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

حمزہ شہباز کی جانب سے دائر اپیل میں استدعا کی گئی کہ اس سے قبل نیب نے حمزہ شہباز کے والد قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کو گرفتار کر چکا ہے اور مجھے بھی خدشہ ہے کہ بلا کر گرفتار کر لیا جائے گا۔

عدالت میں درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ تینوں انکوائریز میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت میں 20 نومبر تک توسیع کردی ہے۔


متعلقہ خبریں