آسیہ کیس فیصلے کے ردعمل میں توڑ پھوڑ سے 26 کروڑ کا نقصان

آسیہ مسیح کیس: فیصلے کے ردعمل میں توڑ پھوڑ سے 26 کروڑ کا نقصان | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: حکومت پنجاب کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آسیہ مسیح کیس میں فیصلے کے ردعمل میں توڑ پھوڑ سے نجی و سرکاری املاک کو 26 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہور رجسٹری میں ہفتے کے روز توڑ پھوڑ سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی۔

عدالت عظمیٰ کے انسانی حقوق سیل میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق فیصلے کے رد عمل میں سرکاری و نجی املاک کی توڑ پھوڑ کی گئی جس سے 26 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

چیف جسٹس نے امن و امان کے معاملے پرازخو نوٹس لیتے ہوئے دھرنوں کے دوران ہونے والے نقصانات پر وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تین دن میں رپورٹ طلب کی تھی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا تھا کہ متاثرہ افراد کے نقصان کے ازالے سے متعلق اقدامات کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی جائے۔

سپریم کورٹ کے سربراہ نے ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے بارے میں تحقیقات کا حکم بھی دیا تھا۔

واضح رہے کہ آسیہ مسیح کی رہائی کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کیے گئے تھے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور  بلکہ ملکی معیشت کو بھی اربوں کا نقصان ہوا۔


متعلقہ خبریں