ایم کیو ایم رکنیت ختم، فاروق ستار کا انٹرا پارٹی الیکشن کا مطالبہ



کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما فاروق ستار نے ایک مرتبہ پھر پارٹی میں انٹرا پارٹی الیکشن کا مطالبہ کردیا۔

رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی سے نکالنا بزدلانہ فیصلہ ہے، پارٹی رکنیت  ختم  کرنے کا میڈیا سےپتہ چلا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ پہلے کہا کہ شوکاز نوٹس دیا ہے، رابطہ کمیٹی کو فیصلےکی جلدی کیا تھی؟ مجھےنکالنا تھا تو کارکنوں کا اجلاس بلا کر اعلان کرتے۔

انہوں نے سوال کیا کہ جمہوری حق مانگنا پارٹی کے آئین کی خلاف ورزی ہے؟ مجھےجمہوری حق مانگنے کی سزا دی گئی ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پارٹی رکنیت ختم کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، رابطہ کمیٹی کے اس نام نہاد فیصلے کو مسترد کرتاہوں، آج بھی ان کی یہ ہمت اور اخلاقی جرات نہیں تھی وجوہات بتاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہادر آباد والوں نے پارٹی پر قبضہ کر رکھا ہے، کسی فریق کو سنے بغیر رکنیت ختم کرنا اتنی کیا عجلت تھی؟ فیصلہ غیرآئینی اورغیرقانونی اور پارٹی منشور کے خلاف ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ نوٹس کے بعد طریقہ کار کے مطابق میرا جواب سنا جاتا، تنظیم بحالی کمیٹی جب سے بنی ہے کارکنوں میں ایک نیا جذبہ پیدا ہوا ، ان کے اعصاب پر فاروق ستار سوار ہے، کارکنان کی بڑی تعداد فاروق ستار کے ساتھ کھڑی ہوگئی تو ہمارے حلوے مانڈے چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کو جتوانے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے علم میں آیا کہ ایم کیوایم سے پرانی رفاقت کو جاگیرداروں نے اور قبضہ گیروں نے انا کی بھینٹ چڑھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عامر خان، کنور نوید، خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، بہادرآباد پر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کرکے پارٹی سےخارج کیاگیاہے، اس بزدلانہ فیصلہ کااظہار پریس کانفرنس میں کیاجاتا، بنیادی رکنیت خارج کرنےکی کوئی وجوحات نہیں بتائی، آج بھی اخلاقی جرات نہیں تھی کہ وجوحات بتائی جائے، رابطہ کمیٹی کے فیصلے کومسترد کرتا ہوں۔

فاروق ستار نے کہا کہ ابھی تک خاموش تھا اب نہیں رہوں گا، پنڈورا باکس نہیں کھولنا چاہتا تھا، رابطہ کمیٹی کے ارکان کی جائیدادوں کی تفصیلات سامنے لاؤں گا، کارکنان کا اجلاس بلا کر اپنے اپنے گوشوارے سامنے لائے جائیں۔

اس سے قبل ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایم کیو ایم کے ایک اعلامیے کے مطابق کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سر براہی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سابقہ کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کو بھیجے گئے اظہار وجوہ نوٹس اور اس کی عدم تکمیل پر بھیجے گئے یاد دہا نی نو ٹس کے مندرجات سے آگاہ کیا گیا ۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ تمام تفصیلا ت کو سامنے رکھتے ہوئے رابطہ کمیٹی نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ تنظیمی نظم وضبط اور آئین کی سنگین خلاف ورزیو ں، تنظیم میں گروہ بندی اور دیگر سنگین تنظیمی خلاف ورزیوں پر ڈاکٹر فاروق ستار کو تنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا جائے۔


متعلقہ خبریں