نیب کا شہباز شریف کو کل لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ

شہبازشریف کی ضمانت، بینچ تبدیل کرانے کیلئے نیب کی درخواست مسترد | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو کل صبح لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کو موٹروے کے بجائے ہوائی جہاز کے ذریعے لاہور منتقل کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق سکیورٹی وجوہات کی بناء پر شہباز شریف کو آج ہی منتقل کرنے کا فیصلہ تبدیل کردیا گیا۔

شہباز شریف کو 10 نومبر کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائے گا جہاں نیب کی جانب سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 651 سے صبح 9 بجے لاہور منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو احتساب عدالت پہنچنے کے حوالے سے پارٹی کی جانب سے ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق  کارکنوں کو صبح 8 بجے احتساب عدالت پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حمزہ شہباز کی طرف سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی احتساب عدالت پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کا بھرپور استقبال اور حکومت کے خلاف احتجاج کیاجائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے گزشتہ ماہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے تھے۔

پروڈکشن آرڈر 29 اکتوبر سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے جاری کیے گئے تھے جو آج ختم ہوا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کو پانچ اکتوبر 2018 کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار کیا تھا اور وہ تب سے نیب لاہور کی حراست میں زیر تفتیش ہیں۔


متعلقہ خبریں