دوسرے ون ڈے میں پاکستان کامیاب، سیریز 1-1 سے برابر


دبئی: تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے پاکستان نے چھ وکٹوں سے جیت لیا۔ جس کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔

تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر کی شاندار اننگز کے باجود نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو فتح کے لیے 210 رنزکا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نےچار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

ابو ظہبی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 14 کے مجموعی اسکور پر کولن منرو کی صورت میں گری جبکہ اس کے بعد کپتان ولیمسن بھی 25 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد جارج ورکر اور راس ٹیلر کے درمیان شراکت قائم ہوئی تاہم 71 کے مجموعی اسکور پر جارج حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہاں تھم نہ سکا اور ٹام لیتھم نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اگلی کیوی وکٹ ہینری نیکولز کی صورت میں 148 کے مجموعی اسکور پر گری۔ دوسرے اینڈ پر راس ٹیلر نے چٹان کی طرح پاکستانی بولرز کے خلاف ڈٹے رہے۔

نیوزی لینڈ کے اختتامی بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور مہمان ٹیم اپنے مقررہ 50 اوورز میں 209 رنز ہی اسکور کرپائی۔ راس ٹیلر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 86 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار، حسن علی نے دو جبکہ محمد حفیظ اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بدھ کے روز کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں کیویز نے گرین شرٹس کو 47 رنز سے شکست دی کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔

ون ڈے اسکواڈ پر نظر

پاکستان

وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں کھلاڑیوں میں آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد حفیظ، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کے ٹی ٹوئنٹی کپتان کین ولیم سن ون ڈے میں بھی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹرینٹ بولٹ، ٹوڈ ایسل، کولن ڈی گراینڈ ہوم، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، کولن منرو، ہینری نکولس، اعجاز پٹیل اش سودھی، ٹم ساؤتھی، راس ٹیلر، بیٹلنگ اور جارج ورکر شامل ہیں۔

پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو کلین سوئپ کیا تھا۔ دونوں ٹیمیں 16 نومبر سے تین دسمبر تک شیڈول تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلیں گی۔


متعلقہ خبریں