مشکل ترین حالات میں پی ٹی آئی حکومت نے باگ دوڑ سنبھالی، وزیراعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نہایت مشکل مالی حالات میں حکومتی باگ دوڑ سنبھالی ہے۔

عمران خان نے صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیرِ دفاع پرویز خٹک، وزیر مملکت علی محمد خان اور معاون خصوصی نعیم الحق ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح تھی کہ دوست ملکوں کی مدد سے اس وقت ملکی معیشت کو سہارا دیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدات کو بڑھانے کی غرض سے ایکسپورٹ انڈسٹری کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لئے صحت، تعلیم و دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کے 50 لاکھ گھروں کے منصوبوں سے جہاں لوگوں کو گھروں کی سہولت میسر آئے گی وہاں معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف شہروں میں ناداروں اور بے آسرا لوگوں کو عارضی شیلٹر اور دو وقت کھانے کی سہولت فراہم کرنے پر بھی کام جاری ہے، جن اراکین اسمبلی کے حلقوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے سروے نہیں کیا گیا وہ اس سلسلے میں حکومت کو آگاہ کریں تاکہ ترجیحی بنیادوں پر ان علاقوں میں غربت کا سروے کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل صورتحال سے گزررہا ہے لیکن انشا اللہ آئندہ چھ ماہ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی گی، اس ملک میں بے پناہ صلاحیت ہے، ملک میں دس کروڑ کی آبادی 35 سال سے کم عمر ہے جو اس ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں پرعزم ہے، حکومتی وزرا اپنی کارکردگی کے حوالے سے جواب دہ ہیں،  ان کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  حکومتی وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت اس ملک میں نہیں ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت اس روایت کی بنیاد رکھے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ احتساب سے خائف عناصر کے شورو غل سے قطع نظر حکومت عوام سے کیے گئے  اپنے وعدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔

اراکین اسمبلی نے وزیرِ اعظم کو اپنے حلقوں سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔ خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

وزیرِ اعظم نے ممبران قومی اسمبلی کو ان کے  متعلقہ حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔


متعلقہ خبریں