دھرنوں میں توڑ پھوڑ کرنیوالے عناصر کی گرفتاری کیلئے ڈیڈ لائن



لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو احتجاجی مظاہرے کے دوران توڑ پھور کرنے والے شرپسند عناصر کی نشاندہی کے لیے آج رات کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والے املاک کے نقصان کا ازالہ کرے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عوامی اور سرکاری پراپرٹی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی کے بعد انہیں گرفتار کیا جائے گا، وفاقی حکومت اس ضمن میں صوبائی حکومتوں کی مدد کرے گی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے معاملے پر مثبت ردعمل دینے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے اس دوران میچورٹی کا ثبوت دیا جسے ویلکم کرنا چاہیے۔

سرکاری اور غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچائے جانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس مسئلے پر پورا پاکستان یکجا ہے، ہم اس معاملے کو آگے لے کر جائیں گے اور ایک دو دن میں پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے احتجاجی دھرنے کے دوران غریب ریڑھی بان سے کیلے چھینے جانے والے واقعے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس حرکت سے مظاہرین کے اخلاقی زوال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پنجاب حکومت نے بچے کو مالی معاونت فراہم کی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے مذہب کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، مظاہرین نے رکشوں کو آگ لگائی، خواتین کی بے حرمتی کی۔ رحمت العالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ماننے والے لوگ اس طرح کی حرکت نہیں کر سکتے۔

احتجاجی مظاہروں کے دوران فیس بک کے کردار کو سراہتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فیس بک کا پاکستان کے ساتھ رشتہ ہے، انہوں نے دوران احتجاج سیکڑوں جعلی اکاؤنٹس بلاک کیے۔

وزیر اعظم کے دورہ چین سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کی طرح چین کا دورہ بھی کامیاب ترین رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں