ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار

فائل فوٹو


اسلام آباد: موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ کوئٹہ، قلات، مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

اتوار کے روز وفاقی دارالحکومت کا درجہ حرارت 13 ڈگری سنٹی گریڈ رہا جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد رہا۔ لاہور میں درجہ حرارت 17، کراچی میں 26 اور کوئٹہ میں 06 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے، بلوچستان کے سرد ترین مقامات میں زیارت، کان مہترزئی، توبہ اچکزئی، خواجہ عمران شامل ہیں جہاں درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، خانوزئی اور بوستان میں درحہ حرارت صفر ریکارڈ کیا گیا،  خشک اور شدید سرد موسم اور یخ بستہ ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔

سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ 28، کوٹلی 24،  بالاکوٹ22، سیدو شریف 20، ایپٹ آباد میں 15 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی دارالحکومت میں بھی گزشتہ روز موسلادھار بارش ہوئی جس کے سبب فضا میں خنکی بڑھ گئی۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 13 ڈگری سنیٹی گریڈ رہا  اور آسمان پر ہلکے بادل چھائے رہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات میں مالم جبہ، قلات اور کالام شامل رہے جہاں درجہ حرارت منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں