کراچی: امل قتل کیس میں ملزم پر فرد جرم عائد


کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے ننھی امل کیس میں گرفتار ملزم خالد پر فرد جرم عائد کردی جس نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں امل کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے ملزم خالد پر دو مقدمات میں فرد جرم عائد کردی۔

عدالت نے ملزم کو فرد جرم پڑھ کر سنائی تو ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پرعدالت نے 12 نومبرتک کے لئے گواہان اور تفتیشی افسر کو نوٹسز جاری کردیے۔

تفتیشی افسر کی رپورٹ کے مطابق ملزم خالد کے خلاف ڈکیتی اور پولیس مقابلے کا مقدمہ درج ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم خالد رکشہ پر وارداتیں کرتا تھا۔ وقوعہ کے دن ملزم اپنے دوسرے ساتھی کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کر رہا تھا کہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے ننھی امل کی جان چلی گئی تھی۔

تفتیشی افسر کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق ملزم خالد ہجرت کالونی کا رہائشی ہے جب کے اس کے خلاف ڈیفنس تھانہ میں دو مقدمات درج ہیں۔

آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ستمبر 2018 میں امل کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری پرپولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اوران کی ٹیم کو مبارکباد دی تھی۔

سال رواں 13 اگست 2018 کی شب شہر قائد میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر مبینہ پولیس مقابلے میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی ہوئی دس سالہ امل جاں بحق ہوگئی تھی۔

واقع کے بعد یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ امل کی موت پولیس اہلکار کی گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی تھی جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔


متعلقہ خبریں