‘ٹی ٹین کرکٹ پاکستان میں لانا چاہتے ہیں’


کراچی: شارجہ ٹی ٹین لیگ کے سربراہ سعداللہ خان نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹی ٹین کرکٹ کوپاکستان لایا جائے اور اس کے لئے کوششیں جاری ہیں۔

وہ کراچیئن ٹیم کی جرسی کی لانچنگ کی تقریب سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی پہلی مرتبہ ٹی ٹین کرکٹ کا حصہ بنی ہے، اس شہر میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور یہاں کے لوگ اس کھیل سے محبت بھی بہت کرتے ہیں۔

سعداللہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹی ٹین لیگ میں شرکت کی اجازت دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کپتان شین واٹسن جرسی کی رونمائی کررہے ہیں

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن خان نے کہا کہ میں خود بھی کراچی سے ہوں اور کراچی کی ٹیم کو سپورٹ کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ اکیڈمیز نے ایسا کام نہیں کیا جیسا کرنا چاہیے تھا، ہم 13 سال کے بچوں میں کرکٹ کا رجحان پروان چڑھائیں گے، ٹی ٹین لیگ کو پی سی بی کی مکمل سپورٹ ملے گی۔

جرسی رونمائی کی تقریب میں کراچیئنز ٹیم کے سی ای او محسن عمران بھی موجود تھے۔

ایونٹ میں کراچیئنز کی کپتانی آسٹریلین کھلاڑی شین واٹسن کریں گے۔

ٹی ٹین کرکٹ کا دوسرا سیزن 21 نومبر سے 2 دسمبر تک شارجہ میں کھیلا جائیگا۔ اس لیگ میں  میں شاہد آفریدی، شعیب ملک، انور علی سمیت کئی پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں