مولانا سمیع الحق کا قتل، وزیراعظم کا ذمہ داران کے تعین کا حکم


اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام(جے یو آئی (س))  کے سربراہ مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے تمام نامور سیاست دانوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کو بیجنگ میں سربراہ جے یو آئی(س) مولانا سمیع الحق کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی گئی، انہوں نے مولانا سمیع الحق پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیر اعظم نے مولانا سمیع الحق پر حملے کے افسوس ناک اور قابل مذمت واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت جاری کی کہ واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داران کی سزا کا تعین کیا جائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت سے ملک ایک جید عالم دین اور اہم سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ مولانا کی سیاسی اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مولانا سمیع الحق کی قاتلانہ حملے میں شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت نے اپنے بیان میں اس افسوس ناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

پاک فوج  شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائیرکٹر جنرل(DGISPR) کا کہنا اپنے ٹوئیٹر پیغام میں مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملک کے نامور دینی و سیاسی رہنما کے قتل پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے اور انکے اہلخانہ اور قریبی ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی مولانا سمیع الحق کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کا قتل پاکستان میں فساد پیدا کرنے کی مذموم سازش ہے۔ سب سے اپیل ہے کہ قوم دشمن کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کرے۔

شہباز شریف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ مولانا سمیع الحق کا شمار جید علماء کرام میں ہوتا تھا۔ دینی خدمات کی وجہ سے انہیں عقیدت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

قائد حزب اختلاف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارلیمنٹیرین کے طور پر بھی مولانا سمیع الحق نے فعال اور متحرک کردار ادا کیا ہے۔

’مولانا سمیع الحق کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا‘

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف میاں محمد نوازشریف نے مولانا سمیع الحق کے قتل کی شدید مذمت اور گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان پر رحم فرمائے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے بھی مولانا سمیع الحق کی ہلاکت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

خورشید احمد شاہ کا اپنے مذمتی بیان میں کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق عالم دین اور سیاسی رہنما تھے، ان کی دینی اور سیاسی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

رہنما پی پی پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحقیقات کر کے اس بہیمانہ قتل کے واقعہ کے پیچھے مخفی ہاتھ تک پہنچے اور قتل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

خورشید شاہ نے مولانا سمیع الحق کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مولانا کی شہادت انتہائی المناک ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سمیع ایک زیرک سیاستدان اور عالم دین تھے ان کی شہادت انتہائی المناک ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا دیے گئے مذمتی بیان میں کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق ایک جیدعالم دین تھے۔ مولانا سمیع الحق کی شہادت کی خطر سن کر بہت دکھ ہوا۔ جلد ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت اور شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملہ پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی مذموم سازش ہے۔ قوم اپنے اتحاد اور یکجہتی سے دشمن کی اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنائے گی۔

چوہدری فواد کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ مولانا سمیع الحق ممتاز عالم دین اور اعلیٰ پائے کے سیاستدان تھے، ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پر نہیں ہو سکے گا۔ اللہ تعالی ان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائےاور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

مولانا سمیع الحق کی شہادت باعث تشویش ہے، فاروق ستار

اسی ناخوشگوار واقعے کی مناسبت سے بات کرت ہوئے رہنما متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم) ڈاکٹر فاروق ستار کا جمیعت علمائے اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی قاتلانہ حملے میں شہادت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت قومی المیہ و سانحہ ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ ملک پہلے ہی انتشار کا شکار ہے اور ایسی صورتحال میں مولانا سمیع الحق کی شہادت باعث تشویش ہے۔ رہنما ایم کیو ایم نے مولانا سمیع الحق کے لواحقین، کارکنان و متعقدین سے دلی ہمدردی و افسوس کا اظہار کیا ہے اور جے یو آئی کے کارکان و متعقدین سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے معروف عالم دین مولانا سمیع الحق کے قاتلانہ حملہ میں جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مولانا سمیع الحق کی قاتلانہ حملہ میں شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ملتان میں موجود سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا مولانا سمیع الحق کے قتل کے واقعے پر مزمتی بیان دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک ایک قد آور شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔

مذہبی رہنما علامہ محمد احمد لدھیانوی نے اس افسوس ناک واقعے کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا سیمع الحق کا بہیمانہ قتل انتہائی افسوسناک ہے۔ حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرائے۔

پیپلز پارٹی سینیر رہنماء سینیٹر رحمان ملک کا مولانا سمیع الحق کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کا سراغ لگا کر فوری گرفتار کیا جائے۔

جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل اور اس دہشت گردی پر سخت تشویش ہے۔ مولانا ان شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی نے بھی جے یو آئی(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق پر حملے کی مذمت اور انکی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیر مملکت کی سوگواران سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کی سیاسی اور مذہبی حوالے سے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مولانا سمیع الحق کے قتل کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ مولانا سمیع الحق کی دین کے لیے بہت خدمات ہیں۔

مولانا سمیع الحق بہترین عالم دین تھے اور ان کا قتل ہونا ہم سب کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔

مولانا سمیع الحق ایک مدبر سیاستدان تھے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق بلا شبہ ایک مدبر سیاستدان اور عالم دین تھے۔ وطن عزیز کے لیے انکی دینی اور سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

سراج الحق کا حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کو شہید کرنے والے دہشت گردوں کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے۔

سراج الحق نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت کسی سازش کا شاخسانہ لگ رہی ہے کیونکہ مولانا سمیع الحق امن کے علمبردار تھے۔


متعلقہ خبریں