آسیہ بی بی کے وکیل کو انتہا پسندوں سے جان کا خطرہ


اسلام آباد: آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک کا کہنا ہے کہ انہیں انتہا پسندوں سے جان کا خطرہ ہے کیونکہ وہ کسی وقت بھی ان کو قتل کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آسیہ کے لیے تو انہوں نے کیس لڑنے کی ہمت کی لیکن اب انہیں ان انتہا پسندوں سے بچانے والا کوئی نہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسیہ کے وکیل سیف الملوک کا کہنا ہے کہ جان سے مار دینے کی دھمکیوں کے باوجود انہیں آسیہ کو بچا نے پر کسی بات کا افسوس نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ عدم برداشت کے خلاف اپنی قانونی جنگ جاری رکھیں گے۔

سیف الملوک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا آسیہ بی بی کے حق میں فیصلہ آنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے ملک میں کمزور اور پسے ہوئے طبقے کے لیے بھی انصاف کا حصول ممکن ہے۔

اپنی جان کی حفاظت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کوئی سیکیورٹی نہیں ہے لہٰذا وہ کسی بھی انتہا پسند کے لیے بڑا آسان ہدف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بزدل انسان کی طرح زندہ رہنے پر ایک بہادر انسان کی طرح مرنے کو ترجیح دیں گے۔


متعلقہ خبریں