اکتوبر میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ، شماریات بیورو 

ایک ہفتے کے دوران 12 اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: پاکستان شماریات بیورو کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 2 اعشاریہ 56 فیصد سے بڑھ کر سات فیصد تک جا پہنچی۔

رپورٹ کے مطابق 2017 کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح 5 اعشاریہ 95 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ماہانہ کی بنیاد پر درجن سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

شماریات بیورو کی رپورٹ کے مطابق تعلیمی اداروں کی فیس میں 23 اعشاریہ 56 فیصد، گیس کمبائینڈ میں 104 اعشاریہ 91 فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 14 اعشاریہ 41 فیصد، سگریٹ کی قیمتوں میں 14 اعشاریہ 18 فیصد، سی این جی کی قیمتوں میں 10 اعشاریہ 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سالانہ کی بنیاد پر نان فوڈ نان انرجی کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ 2018 میں نان فوڈ نان انرجی میں مہنگائی کی شرح 7 اعشاریہ 88 فیصد رہی۔

سالانہ کی بنیاد پر بھی درجن سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کرایوں میں 50 اعشاریہ 60 فیصد اضافہ ہوا۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمیت میں 34 اعشاریہ 2 فیصد، پیٹرول کی قیمتوں میں 26 فیصد، ایل پی جی کے سلنڈر کی قیمت میں 26 اعشاریہ 09 فیصد اور سی این جی کی قیمتوں میں 26 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

مٹی کے تیل کی قیمتوں میں سالانہ کی بنیاد پر 31 اعشاریہ 82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں