بھارت کی ظالمانہ کارروائیاں، دو کشمیری شہید


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے اپنی ظالمانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑہ میں اہل علاقہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اپنی آواز اٹھانے سڑکوں پر نکل آئے ہیں، مظاہرین کی جانب سے بھارتی بربریت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

ذرائع  کا کہنا ہے کہ ضلع کپواڑہ کے علاقے میں بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، قابض فوج نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے اور تلاشی کے دوران دو نہتے کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا، مزید براں بھارتی قابض انتظامیہ نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر رکھی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے تحت محاصرے اور تلاشی کے دوران گولیوں کے کھلے عام استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ سے اب تک متعدد نوجوانوں کو زخمی اور کئی کو موت کے گھاٹ اتارا چا چکا ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی چناری کے مقام پر مقبوضہ کشمیر کے نہتے نوجوانوں سے یکجہتی کے لیے طلبہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں بھارتی افواج کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

ریلی میں شریک طلبہ نے بھارتی افواج کی جانب سے انسانی مظالم کی روکنے کے لیے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کر دیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم ڈھانا بند کرے۔


متعلقہ خبریں