نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے فارمز نادرا دفاتر میں دستیاب



لاہور: بے گھر افراد کے لئے اعلان کردہ ’میرا گھر‘ پائلٹ پراجیکٹ میں گھر حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے فارم نادرا کے دفاتر میں دستیاب ہیں۔

پائلٹ پراجیکٹ کے لیے فیصل آباد، اسلام آباد، سوات، سکھر، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ کےشہروں میں دستیاب فارم کی قیمت اڑھائی سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ جن کے پاس کوئی گھر نہیں ہے انہیں ترجیح دی جائے گی۔

قواعد و ضوابط کے مطابق خاوند ،بیوی اوربچوں میں سے صرف ایک شخص گھر کے لئے درخواست دینے کا اہل ہوگا۔ فارم کے خواہش مند کو نام ، شناختی کارڈ نمبر، موبائل فون نمبر اور رہائشی نمبر بتانا ہوگا۔

ہم نیوز کو ملنے والی معلومات کے مطابق نادرا سے ملنے والے فارم میں اپنے یا کرائے کے موجودہ گھر کا پتہ بتانا ہوگا۔

درخواست دہندہ کی ماہانہ انکم کس قدر ہے؟ یہ فارم میں لکھنا ہوگا اور رجسٹریشن کے لئے گھر کا مطلوبہ مقام بتانا ہوگا۔

درخواست دہندہ کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ ماہانہ قسط پانچ ہزار سے 20 ہزارتک میں سے کسی ایک آپشن کا انتخاب کرے۔

ہم نیوز کے مطابق فارم بھرنے کا خواہش مند حکومت کو یہ بھی بتائے گا کہ گھر میں کتنے افراد رہیں گے؟ اور یہ کہ پائلٹ پراجیکٹ کے کس شہر میں گھر درکارہے؟

ہم نیوز کے مطابق بے گھر افراد رجسٹریشن کے لئے آن لائن فارم بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ پنجاب کے وزیرہاؤسنگ کے مطابق متعلقہ شہروں میں نادرا دفاتر سے بھی فارم دستیاب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں