باپ کو ’غدار‘ کہنے والے کو اذان سمیع خان کا پیار بھرا جواب


گلوکار و موسیقار اور اداکار اذان سمیع خان نے سوشل میڈیا پر ان کے والد عدنان سمیع خان کو ’غدار‘ کہنے والے شخص کو اپنے پیار بھرے جواب سے خاموش کرا دیا۔

انسٹاگرام پر اذان سمیع کی تصویر پر ایک شخص نے کمنٹ کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ ’وہ اپنے غدار والد سے ملنے بھارت کب جا رہے ہیں‘؟

جس پر گلوکار نے جواب دیا کہ وہ اپنے ملک پاکستان سے والد سے ملنے کے لیے کہیں بھی جا سکتے ہیں، اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ وہ موج مستیاں کریں اور پیار پھیلائیں۔

اذان سمیع خان کی جانب سے نفرت انگیز سوال کا جواب پیار سے دینے پر کئی شوبز شخصیات اور عام لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں۔

اس سے قبل بھی اذان سمیع خان کو والد کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، 2019 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ والد کی جانب سے بھارت میں رہائش اختیار کیے جانے پر کئی لوگ انہیں مسلسل پیغامات بھجواتے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ والد کے فیصلے کی وجہ سے ان پر تنقید کی جاتی ہے مگر وہ بطور بیٹا اپنے والد کو غلط نہیں کہہ سکتے۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکار اذان سمیع خان کی ڈرامے میں انٹری

اذان سمیع خان نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ اگرچہ وہ والد کی بہت عزت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں مگر وہ پاکستان کبھی نہیں چھوڑیں گے

یاد رہے اذان سمیع کے والد نے 2015 میں پاکستانی شہریت کو چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کی تھی، اور وہ کئی بار پاکستان مخالف بیانات دے چکے ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں