پی ڈی ایم کا اسٹیج پنجاب دشمن پارٹیوں کی آماجگاہ ہے، فواد چوہدری



 وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اسٹیج پنجاب دشمن پارٹیوں کی آماجگاہ ہے، نام نہاد نیشلسٹ اپنے لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے پنجاب کو گالی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دس سال سے بلوچستان کو اوسطاً چار سو ارب روپے ہر سال ٹرانسفر ہوتا ہے، بلوچستان کی  ایک کروڑ کی آبادی ہے،یہ پیسہ کہاں گیا؟

وفاقی وزیر نے کہا پی ڈی ایم کے اسٹیج پر پنجاب کو گالی دینا فیشن بن چکا ہے۔ نام نہاد قوم پرست ہر جلسے میں پنجابیوں اور اداروں کو گالی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد قوم پرستوں نے گزشتہ روز بھی رواج کے طور پر پنجاب کو گالی دی۔ ان کو نہیں پتہ کہ بلوچستان کو اربوں روپے دیئے گئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کیا پیپلزپارٹی اور ن لیگ پنجاب سے ووٹ لیے بغیر منتخب ہوسکتے ہیں؟ پنجاب نے قیام پاکستان سے لیکر وفاق پاکستان کے استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ہم پاکستانی ہیں، سندھیوں، بلوچوں اور پختونوں کی طرح ہمیں بھی پنجابی ہونے پر فخر ہے۔ پاکستان کی آدھی آبادی پنجابی ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی پی ڈی ایم پر تنقید کی اور کہا کہ ملاح کے بغیر پی ڈی ایم کی کشتی بیچ منجدھار میں غوطہ زن ہے۔

نام نہاد رہنما کا گڑھی خدا بخش نہ آنا اندرونی اختلافات کی داستانِ غم بیان کرتا ہے۔ بلاول کی تقریر کے دوران پنڈال خالی ہو گیا تھا۔

فردوس اعوان نے کہا بچےکی اقتدار سے کھیلنے کی ضد کو گڑھی خدا بخش والوں نے بھی پذیرائی نہ بخشی۔ سندھ میں اقتدار اور کارکردگی  پاپڑ فالودے والوں کے جعلی اکاؤنٹس تک محدود ہے۔ شہزادہ جتنا بھی چیخے اربوں کا حساب دینا ہو گا۔

معاون خصوصی ڈاکٹڑ شہباز گل نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی تیسری قسم انسانیت کیلئے خطرے کا باعث بنی ہوئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان میں کرپشن کے پیسے سے پروان چڑھی تیسری نسل پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری پارٹیوں پرپرچی والی نسل کا راج ہے اور ان پرچیوں کوپاکستان کامستقبل تباہ کرنےکی اجازت نہیں دی جا سکتی۔


متعلقہ خبریں