مولانا فضل الرحمان کی شہباز شریف کے بعد بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات طے

بلاول بھٹو آج شام مولانا فضل الرحمان سےملاقات کریں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف  اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات طے پاگئی ہے ۔

باوثوق ذرائع کا کہناہے کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات 20 اکتوبر کو ہوگی۔ ملاقات میں آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان  18 اکتوبر کو مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف سے  بھی ملاقات کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور مولانا فضل رحمن  18 اکتوبر کو مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

پی ایم ایل این کی رہنما نے کہا کہ پریس کانفرنس 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں شام ساڑھے سات بجے ہوگی۔  آزادی مارچ اور جلسے کے حوالے سے اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔ سیاسی صورتحال پر مشاورت بھی ہوگی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ  ملکی معیشت کی تباہی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع نے کہاہے کہ لاہور میں ہونے والی ملاقات میں مولانا فضل الرحمان شہباز شریف کو آزادی مارچ کے حوالے سے اقدامات پر اعتماد میں لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور دیگر جماعتوں سے ہونے والی بات چیت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف حکومت کی طرف سے آزادی مارچ میں ممکنہ رکاوٹوں کے مقابلے پر بھی بات چیت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کے مطالبات کے حوالے سے بھی دونوں رہنماؤں میں بات چیت ہوگی۔

آزادی مارچ کے انتظامی امور کے حوالے سے مختلف ­­کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 31 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی حمایت مسلم لیگ نواز بھی کرچکی ہے۔

ادھر جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی پی پی کے درمیان اہم ملاقات  ہوئی ہے ۔

پی پی پی سیکرٹری جنرل نئیر بخاری کو رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم درانی نے ٹیلیفون کرکے ملاقات طے کی تھی۔

جے یو آئی ف کے وفد میں مولانا غفور حیدری، اکرم درانی اور دیگر رہنماء شامل ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے نئیر بخاری، مصطفٰی نواز کھوکھر اور قیوم سومرو موجود تھے ۔

یہ بھی پڑھیے: مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو روکنے سے متعلق دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر

ذرائع کے مطابق ملاقات نئیر بخاری کی رہائش گاہ پر ہوئی جس کے دوران آزادی مارچ سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کی گئی ۔

ادھر میر حاصل خان بزنجو کی سربراہی میں  نیشنل پارٹی کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے ۔   ملاقات میں میر طاہر بزنجو, میر کبیر اور مولانا عبدالغفور حیدری شریک ہوئے۔آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔


متعلقہ خبریں