پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازم نے عمارت سے چھلانگ لگا دی


لاہور: پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ( پی ایل آر اے ) کے اعلیٰ افسران کی جانب سے بدتمیزی پر نوجوان نے دلبرداشتہ ہوکر تیسری منزل سے چھلانگ لگادی۔

پی ایل آر اے کے اعلیٰ افسران کی بدتمیزی پر ٹرینی ایس ای او ( سروس سینٹر آفیشل ) محمد ارسلان نے تنگ آکر بلڈنگ سے چھلانگ لگائی۔ متاثرہ نوجوان عمارت کے نیچے کھڑی گاڑیوں پر گرا، جس سے نوجوان کو متعدد چوٹیں آئی ہیں۔

ایس ای او محمد ارسلان سرگودھا کا رہائشی ہے اور نوجوان کے پاس ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ڈومیسائل موجود ہے۔ وہ گزشتہ تین ماہ سے ادارے میں تربیت حاصل کر رہا ہے۔

موقع پر موجود افراد کے مطابق محمد ارسلان کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

اس وقت پی ایل آر اے میں کل 59 سروس سینٹر آفیشلز تربیت حاصل کررہے ہیں۔

پی ایل آر اے کی ترجمان نادیہ چیمہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی سینئر افسر کی جانب سے نوجوان کے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں کی گئی ہے۔

محمد ارسلان کے تیسری منزل سے چھلانگ لگانے کے واقعے پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جلد وجوہات معلوم کرلیں گے۔

 


متعلقہ خبریں