واشنگٹن: امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے خام تیل لے کر شام جانے والے بحری جہاز (آئل ٹینکر) کو تحویل میں لیے جانے کے اقدام کو ’شاندار خبر‘ قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں جان بولٹن نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے حلیفوں کے ساتھ مل کر شام اور ایران کی حکومتوں کو غیر قانونی تجارت سے فوائد اٹھانے سے روکے گا اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
مبینہ طور پر ایران سے شام کے لیے خام تیل لے کر جانے والے بحری جہاز کو برطانوی حکام نے تحویل میں لیا ہے۔
Excellent news: UK has detained the supertanker Grace I laden with Iranian oil bound for Syria in violation of EU sanctions. America & our allies will continue to prevent regimes in Tehran & Damascus from profiting off this illicit trade.
— John Bolton (@AmbJohnBolton) July 4, 2019
خبررساں ادارے کے مطابق اسپین کے وزیر خارجہ جوزف پوریل نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ ایران کے تیل بردار جہاز کا راستہ روکنے کے لیے امریکہ نے کہا تھا کیونکہ اس بات کے شبہات موجود تھے کہ شام پر عائد پابندیوں کے باوجود بحری جہاز شام خام تیل لے کر جارہا تھا۔
شام کے لیے خام تیل لے جانے والا آئل ٹینکر پکڑا گیا
حکام نے اسپین کے جنوب میں آئل ٹینکر کو اُس وقت پکڑا تھا جب وہ برطانیہ کے زیر انتظام جبرالٹر سے محض چند کلو میٹر دور تھا۔
جبرالٹر کے حکام اپنے پانی کو برطانیہ کے علاقائی پانی کا حصہ شمار کرتے ہیں جب کہ اسپین اس دعوے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے علاقے کی خودمختاری کا مطالبہ کرتا آیا ہے۔